دبئی، 30دسمبر (آئی این ایس انڈیا)یونان کے ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ کل منگل کو ترکی کے 7 جنگی طیاروں نے یونان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے اور بحر ایجہ پر پرواز کی کوشش کی تاہم یونان کی فضائیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ترکی کی فضائی دراندازی ناکام بنا دی۔
یونانی وزارت دفاع کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی نے جنگی طیاروں کے ذریعے یونان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی تاہم یونان نے بین الاقوامی قوانین کے تحت ترک طیاروں کو واپس بھگا دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ترکی کی جانب سے یونان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل سفارتی ذرائع نے بتایا تھا کہ ترکی نے مشرقی بحیرہ روم میں بحر ایجہ میں فوجی مشقیں شروع کی ہیں۔
ذرایع کا مزید کہنا ہے کہ یونان جنگ نہیں بلکہ امن چاہتا ہے اور ترکی کے ساتھ کشیدگی میں کمی لانےکا خواہاں ہے۔ تاہم یونانی حکومت نے ترکی سے یک طرفہ کارروائیوں اور اشتعال انگیز بیان بازی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایتھنز انقرہ کے ساتھ سمندری تنازع اور حدود ک کے تعین کے لیے تعمیری بات چیت کا خواہاں ہے۔